نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایک روزہ اہم سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے جہاں انکی چینی ہم منصب سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے دیاوتائی اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں اسحاق ڈار کا خیرمقدم کیا، وزیر خارجہ کی چینی ہم منصب سے ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ قبل ازیں چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور چینی سفیر یوئے شیاو یونگ نے بیجنگ پہنچنے پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر بیجنگ پہنچے ہیں جہاں دونوں رہنما پاک چین دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لینے کیساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اسحاق ڈار کا رواں سال کے دوران یہ بیجنگ کا دوسرا دورہ ہے۔ خیال رہے کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کندھے کے فریکچر کے باوجود چین کا دورہ کررہے ہیں۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ ایران کے معاملے پر اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دیں گے اور خطے میں قیام امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔ چین اور پاکستان ہر حال میں اسٹریٹجک شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک بین الاقوامی و علاقائی مسائل پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے چین تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے تصدیق کی کہ حالیہ کشیدہ صورتحال کے باوجود تین چینی جہاز آبنائے ہرمز سے بحفاظت گزرے، جس پر متعلقہ فریقوں کے تعاون پر شکریہ ادا کیا گیا۔ چین نے جنگ کے دوران تاریخی مقامات کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فریقین، خصوصاً امریکا اور اسرائیل فوری طور پر فوجی کارروائیاں بند کریں اور کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں۔





































