اسلام آباد : پاک فضائیہ کے طیاروں کے ایرانی وفد کو پروٹوکول دینے سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کررہی ہے ، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے ایک ایرانی وفد کے طیارے کو اپنی نگرانی میں لیا ہے تاہم تحقیقات کے بعد یہ سراسر گمراہ کن اور حقائق کے منافی ثابت ہوئی ہے۔
مختلف فیکٹ چیکس اور دستاویزی ثبوتوں سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ ویڈیو حالیہ کسی بھی واقعے یا ایرانی وفد سے متعلق نہیں بلکہ یہ مناظر دراصل فروری 2019 کے ہیں۔
یہ فوٹیج اس وقت کی ہے جب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کے سرکاری دورے پر تشریف لائے تھے۔
اس موقع پر پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر اور ایف-16 طیاروں نے معزز مہمان کے طیارے کو روایتی اور اعزازی پروٹوکول فراہم کیا تھا۔
حالیہ علاقائی سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں اسی پرانی ویڈیو کو دوبارہ آن لائن شیئر کیا گیا اور یہ غلط تاثر دیا گیا کہ یہ ایرانی وفد کا استقبال ہے جبکہ بعض پوسٹوں میں تو اسے جدید نگرانی اور سیکیورٹی تعاون سے بھی جوڑا گیا، جو کہ مکمل طور پر بے بنیاد پایا گیا۔
بعد ازاں تصدیق سے یہ واضح ہو چکا ہے کہ اس فوٹیج کا موجودہ جیو پولیٹیکل حالات یا ایران سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے اس خطرناک رجحان کی نشاندہی کرتا ہے جہاں پرانی ویڈیوز کو گمراہ کن کیپشنز کے ساتھ شیئر کیا جاتا ہے ، جس میں حساس علاقائی اور جیو پولیٹیکل معاملات پر ابہام اور ہیجان پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔






































