کراچی: مقامی عدالت نے شہری کی غلط ای چالان کے خلاف درخواست نمٹاتے ہوئے ٹریفک پولیس کو ای چالان میں احتیاط برتنےکی ہدایت جاری کردی۔
کراچی کے ایڈیشنل سیشن جج جنوبی کی عدالت میں شہری کی غلط ای چالان کرنےکےخلاف درخواست پرسماعت ہوئی جس دوران ٹریفک پولیس کی جانب سے عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی۔
شہری نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ 27 فروری کو صدرمیں غلط پارکنگ پر 10ہزار روپےکا ای چالان جاری کیاگیا، گاڑی پارک نہیں کی بلکہ ایک منٹ سےبھی کم پک اینڈ ڈراپ کےلیے روکی تھی جس مقام پر ای چالان کیا گیا وہاں غیر قانونی موٹر سائیکلیں پارک کی جاتی ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق ٹریفک پولیس تجاوزات ختم کروانے کے بجائے مخصوص افراد کو نشانہ بنارہی ہے، ای چالان کے بعد ریویو کمیٹی کو شکایت درج کرائی جو مسترد کردی گئی ہے ٹریفک پولیس انکروچمنٹ کے خاتمے میں ناکام ہوچکی ہےلہٰذا درخواست گزار کو جاری کیا گیاغلط ای چالان کالعدم قرار دیا جائے۔
دوران سماعت ٹریفک پولیس کی پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریویو کمیٹی نے شہری کی شکایت تسلیم کرتے ہوئےچالان منسوخ کیا اور شہری کی شکایت کا ازسرنو جائزہ لیا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ متعلقہ کمیٹی نے درخواست گزار کےحق میں فیصلہ دےدیا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے ٹریفک پولیس کی رپورٹ کی بنیاد پردرخواست نمٹادی اور ٹریفک پولیس کو ای چالان میں احتیاط برتنےکی ہدایت جاری کیں۔





































