(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے مسٹرپرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنی پہلی اہلیہ رینا دتہ سے طلاق کے بعدمشکل دور سے متعلق اہم انکشاف کردیا۔
معروف اداکار عامر خان کاکہناہے کہ رینا دتہ سے علیحدگی کاوقت جذباتی طور پر بہت چیلنجنگ تھا، وہ پہلے کبھی شراب نہیں پیتے تھے، لیکن حالات اس وقت بدل گئے جب ان کی اہلیہ بچوں کے ساتھ گھر چھوڑ کر چلی گئیں اور وہ اکیلے رہ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت گھر میں مہمانوں کے لیے شراب موجود تھی اور انہوں نے اسی رات اسے آزمانے کا فیصلہ کیا اور پھر وہ آہستہ آہستہ ایک عادت بن گئی،اگلے ڈیڑھ سال تک تقریباً ہر رات ایک بوتل پی جاتا تھا اور ایک ایسے شخص کے لیے جو پہلے بالکل شراب نہیں پیتا تھا یہ بہت زیادہ تھا۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ اس شادی کا خاتمہ دونوں خاندانوں کے لیے مشکل تھالیکن انہوں نے اسے سمجھداری سے سنبھالنے کی کوشش کی جبکہ وقت کے ساتھ ساتھ وہ اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں آگے بڑھ گئے۔
عامر خان نے تسلیم کیا کہ یہ دور انکی شادی کے خاتمے کے بعد ایک مشکل جذباتی مرحلے کے ساتھ جڑا ہوا تھا۔
واضح رہے کہ عامر خان نے 1986 میں 21 سال کی عمر میں رینا دتہ سے شادی کی تھی جب کہ16 سال بعد 2002 میں ان کے درمیان علیحدگی ہوگئی،ان کے دو بچے ایرا اور جنید ہیں۔رینا سے طلاق کے بعد عامر خان نے 2005 میں فلمساز کرن راؤ سے شادی کی، تاہم 2021 میں دونوں نے علیحدگی کا اعلان کردیا جبکہ وہ اپنے بیٹے آزاد کی مشترکہ پرورش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
مارچ 2025 میں اپنی 60ویں سالگرہ سے قبل عامر خان نے اپنی ساتھی گوری سپاٹ کو عوامی طور پر متعارف کروایا جس کے بعد وہ مختلف تقریبات میں ان کے ساتھ نظر آتے ہیں۔






































