بارشوں کا حالیہ سلسلہ تمام ہوا نہیں کہ مزید بارشوں کا ایک اور الرٹ آ گیا۔ کراچی مین پہلی ہی معمول سے زیادہ گرمی پڑنے (ہیٹ ویوو جیسی صورتحال) کا الرٹ آ چکا ہے۔
اب 12 سے 17 اپریل تک اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخواہ، آزاد کشمیر اور گلگت میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے جاری رہنے کا امکان بتایا جا رہا ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اور خشک جبکہ دن کے درجہ حرارت میں معمولی سے قدرے زیادہ اضافہ ہونے کا امکان بھی بتایا جا رہا ہے یعنی ایک طرف ہیٹ ویوو جیسی کیفیت ہو گی اور دوسری طرف بادل، بارش اور ماحول مین خنکی متوقع ہے۔
اگلے ہفتے کے دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا ہ کے چند علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی، طوفان اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور پنجاب کے شہروں بشمول مری،راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوا ل، گجرات، سیالکوٹ، لاہور،میانوالی اور منڈی بہاؤالدین میں 13 سے 17اپریل تک وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کا امکان بتایا جا رہا ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 12 سے 17پریل تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
چترال، دیر، سوات،شانگلہ، کوہستان،مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پورمیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی جبکہ صوابی، چارسدہ، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ،، کرک، بنوں اورڈی آئی خان میں بھی آندھی، جھکڑ کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، گلگت، استور، دیامر، غزر، مظفرآباد، باغ،راولاکوٹ، حویلی اور وادی نیلم میں بھی بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کا الرٹ
نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ نے آج الرٹ جاری کیا ہے جس مین کہا گیا ہے کہ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں ۔
بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہے، پہاڑی علاقوں میں برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے اس لئے این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ مسافر احتیاط کریں۔
پہاڑی علاقو ں میں مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے کہا، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں ۔
تیز ہوا اور طوفان کے دوران درختوں،کمزور تعمیرات اورتنصیبات سے دور رہیں ۔
سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔





































