کراچی(25 اپریل 2026): وفاقی حساس ادارے اور ایس آئی یو نے معذوری کی آڑ میں انتہائی مہلک نشہ آئس سپلائی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حساس ادارے اور ایس آئی یو (اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ) نے کراچی میں ایک مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران معذوری کا فائدہ اٹھا کر مہلک منشیات سپلائی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق آپریشن نشتر روڈ، گارڈن ویسٹ اور سولجر بازار کی حدود میں کیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ ایک ٹانگ سے معذور شخص معذوری کی آڑ میں شہر میں ‘آئس’ سپلائی کرنے کے مکروہ دھندے میں ملوث ہے۔
ٹیم جب جائے وقوعہ پر پہنچی تو ملزم بیساکھی کے سہارے کھڑا تھا اور اس کے دوسرے ہاتھ میں نیلے رنگ کا تھیلا موجود تھا۔ تلاشی لینے پر تھیلے سے ایک کلو سے زائد کرسٹل برآمد ہوئی۔جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے۔
پولیس نے ملزم کو موقع سے گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے ایس آئی یو منتقل کر دیا ہے، جہاں اس کے نیٹ ورک سے متعلق پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

