اسلام آباد (آئی این پی) آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام (ای ایف
ایف) کے تحت عائد شرائط پر عملدرآمد کے لیے وزارت خزانہ نے فیصلہ کیا ہے کہ شدید قدرتی آفات کے علاوہ پارلیمنٹ سے منظور شدہ بجٹ کی حد سے زائد کسی بھی غیر بجٹ شدہ اضافی اخراجات کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ پر غور نہیں کیا جائے گا۔ وزارت خزانہ کے بجٹ ونگ نے رواں مالی سال کے دوران فنڈز کی دوبارہ تخصیص اور اضافی فنڈز کی فراہمی کے لیے حکمت عملی وضع کر دی ہے۔ اس کے تحت جہاں مطلوبہ فنڈز دوبارہ تخصیص یا ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے فراہم نہیں کیے جاسکتے، وہاں متعلقہ پرنسپل اکائونٹنگ آفیسر کو سپلیمنٹری گرانٹ کے حصول کے لیے ٹھوس جواز اور قابل قبول وجوہات فراہم کرنا ہوں گی۔ یہ ہدایات اور رہنما اصول رواں اور آئندہ مالی سالوں میں تمام پرنسپل اکائونٹنگ افسران، محکموں، اداروں، ماتحت دفاتر اور اکائونٹنگ تنظیموں و دفاتر پر لاگو ہوں گے۔
