ایشین گیمز 2026 کے مینز ہاکی مقابلے میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کو 3-0 سے شکست دے دی۔
جاپان کے کاواساکی جوکو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پول بی کے میچ میں پہلے کوارٹر کے دوران دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔
پاکستان نے دوسرے کوارٹر میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے تین گول داغ دیے۔ کپتان ابوبکر محمود نے 19ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک کے ذریعے پاکستان کو برتری دلائی، جس کے پانچ منٹ بعد سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے برتری 2-0 کردی۔
حَنان شاہد نے 28ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے پاکستان کی برتری 3-0 کردی۔ باقی میچ میں چین کوئی گول نہ کرسکا اور پاکستان نے تین گول کی برتری برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی۔
چین کے خلاف فتح پاکستان کی ایشین گیمز میں مسلسل تیسری کامیابی ہے۔ گرین شرٹس نے اس سے قبل تھائی لینڈ کو 9-0 اور ازبکستان کو 5-1 سے شکست دی تھی۔
چین کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان پول بی میں 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان کا اگلا مقابلہ ملائیشیا سے ہوگا۔

