گوجر خان(بیورو رپورٹ)شہر کے مرکزی بازار ایک بار پھر تجاوزات کی لپیٹ میں آ گئے، دکانداروں اور ریڑھی بانوں کی جانب سے مبینہ طور پر سرکاری گزرگاہوں پر سامان سجانے کے باعث بازاروں کے راستے سکڑ کر رہ گئے ہیں جبکہ خریداری کے لیے آنے والے شہریوں، خواتین، بزرگوں اور بچوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تجاوزات کے باعث کئی مقامات پر پیدل چلنے کی جگہ بھی باقی نہیں رہی، چند ماہ قبل شہر میں ترقیاتی کاموں کے لیے مسمار کیے جانے والے کھوکھا بازار کے متاثرین کو میونسپل کمیٹی انتظامیہ نے عارضی طور پر راستوں کے سائیڈ پر اپنا سامان فروخت کرنے کی اجازت دی تھی جس کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے مخصوص تجاوزات مافیا نے دوکانوں کے باہر راستوں پر دس فٹ سے لے کر 12 فٹ تک اور راستوں کے درمیان قبضہ کرتے ہوئے اپنا سامان لگا کر اپنا کاروبار سجا لیا، جس سے خریداری کے لیے آنے والوں بالخصوص خواتین بچوں کا پیدل چلنا دشوار ہو چکا ہے، مگر یہ سب کچھ دیکھنے کے باوجود بھی ایم او آر میونسپل کمیٹی گوجرخان کی ٹیم تجاوزات برانچ اور پیرا فورس کی پراسرار خاموشی وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی تجاوزات سے پاک پنجاب منصوبے کی کھلم کھلا دھجیاں اڑا رہی ہے، شہریوں حلقوں کا کہنا ہے کہ پیرا فورس اور ایم او آر میونسپل کمیٹی کی مبینہ خاموشی نے تجاوزات کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے کئی سوالات پیدا کر دیے ہیں۔ شہریوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گوجرخان کے تمام بازاروں کا فوری سروے کرایا جائے، سرکاری گزرگاہیں واگزار کرائی جائیں اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو آزادانہ آمدورفت کی سہولت میسر آ سکے
