لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے پنشن اور مراعات نہ دینے کیخلاف سابق جج جسٹس (ر)ظفر اقبال چوہدریکی آئینی ترمیمی درخواستیں خارج کر دیں، تحریری فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ آئین کے آرٹیکل 199 کی شق (5) کے تحت ہائیکورٹ کو اس نوعیت کے عدالتی نظرثانی کے دائرہ اختیار سے استثنیٰ حاصل ہے، ہائیکورٹ کے ججز پر مشتمل کمیٹی اور چیف جسٹس کے فیصلے کو آئینی درخواست کے ذریعے چیلنج نہیں کیا جا سکتا، فیصلے کے مطابق جسٹس (ر)ظفر اقبال چوہدری کی پنشن اور مراعات سے متعلق درخواست ججز کمیٹی نے منظور نہیں کی تھی، جس کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بھی اسے مسترد کر دیا تھا، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے 11 مئی 2026 کو خط کے ذریعے درخواست مسترد کیے جانے سے آگاہ کیا تھا، وفاق کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا، عدالت نے قرار دیا کہ جس کام کی براہ راست اجازت نہیں، اسے درخواست میں ترمیم کے ذریعے بالواسطہ طور پر بھی حاصل نہیں کیا جا سکتا۔
