لاہور (این این آئی) محکمہ تعلیم پنجاب نے سرکاری اسکولوں کے 680ماسٹر ٹرینرز کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی تربیت دینے کا فیصلہ کر لیا ۔ذرائع کے مطابق ماسٹر ٹرینرز کی تین روزہ تربیت 26اکتوبر سے شروع ہوگی اور تربیتی پروگرام دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 340ماسٹر ٹرینرز کو 26سے 28اکتوبر تک تربیت دی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں 340ماسٹر ٹرینرز کی تربیت 29سے 31اکتوبر تک ہوگی۔تربیتی پروگرام میں اساتذہ کو تدریس، سبق کی منصوبہ بندی اور طلبہ کی جانچ میں اے آئی کے استعمال کے طریقے سکھائے جائیں گے، ساتھ ہی اساتذہ کو اے آئی کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کی تربیت بھی دی جائے گی۔یہ تربیت پیکٹا کے ڈویژنل ہیڈ آفسز میں منعقد ہوگی۔ تربیت مکمل کرنے والے ماسٹر ٹرینرز آگے پرائمری سطح کے دیگر نامزد اساتذہ کو تربیت فراہم کریں گے۔
