لاہور (خبر نگار) پاکستان پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے ممبر فنانس کمیٹی اشرف خان کے زیر اہتمام ویلینشیا ٹائون لاہور میں شہدائے کار ساز کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے رہنما چودھری اسلم گل تھے۔ تقریب میں پارٹی رہنمائوں، کارکنوں اور جیالوں نے شرکت کی اور سانحہ کار ساز و لیاقت باغ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور شمعیں روشن کی گئیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری اسلم گل نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آئین، جمہوریت، عدلیہ اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے جدوجہد کی اور اس راہ میں بیشمار قربانیاں دیں۔ ذوالفقار علی بھٹو آج زندہ ہوتے تو پاکستان معاشی دلدل میں نہ پھنسا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ضیا الحق اور پرویز مشرف کا انجام آج سب کے سامنے ہے۔ بھٹو خاندان’ محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور ان کے بھائیوں کو شہید کرکے ظلم کیا گیا۔ انہوں نے سانحہ کار ساز اور لیاقت باغ کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بلدیاتی انتخابات کے چیلنج کا مقابلہ کرے گی۔ پیپلزپارٹی کے رہنما نوید چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اشرف خان نے شہدائے کار ساز کی یاد میں تقریب منعقد کرکے جیالوں کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ چودھری اسلم گل اور عثمان ملک جیسے رہنما پیپلز پارٹی کی شناخت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کار ساز کے بم دھماکوں کے باوجود عوام کے ساتھ کھڑی رہیں۔ آج کی جنریشن زی کہانیوں کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اس لیے پیپلز پارٹی نوجوانوں کو اپنی عملی سیاست کے ذریعے ساتھ ملا سکتی ہے۔ پنجاب میں عوامی رابطوں کو تیز کرکے پارٹی کو مزید فعال بنایا جاسکتا ہے۔ نوید چودھری نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب کو محترمہ بے نظیر بھٹو شہید سے اپنا موازنہ کرنے سے پہلے سو مرتبہ سوچنا چاہیے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج بھی پارلیمنٹ میں کارکنوں کی آواز بن کر گونجتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما عثمان ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ سانحہ کار ساز کے شہدا کو 18 برس گزرنے کے باوجود نہیں بھلایا جاسکا۔ پیپلز پارٹی ملک میں عوام کی حکومت اور عوام کے لیے سیاست کے اصول پر جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 برس قبل سانحہ کار ساز میں 180 جیالے شہید ہوئے تھے جبکہ آج بھی مہنگائی، بے روزگاری اور دہشت گردی کے باعث عوام مشکلات اور جانی نقصانات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام کو چلانے کے لیے پیپلز پارٹی مسلسل قربانیاں دے رہی ہے تاہم پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اتفاق اور اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ تقریب میں نوید چودھری، عثمان ملک، آصف ناگرہ، عمر شریف بخاری، چودھری ریاض، فہیم ٹھاکر، ذوالفقار مغل، منشا بھٹی، عمر ایاز، ماہ عالم، ایم اشرف طاہر، رمضان گل اور دیگر پارٹی رہنمائوں و کارکنوں نے شرکت کی۔ تقریب کے میزبان اشرف خان نے شرکا کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کا اختتام شہدائے کار ساز اور دیگر شہدا کے لیے فاتحہ خوانی اور شمعیں روشن کرنے کے ساتھ ہوا۔
ویلنشیاٹائون میں شہدائے کارساز کی یاد میں تقریب کا انعقاد

