لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے شہید میجر وجاہت وحید کی رہائش گاہ پر جاکر ان کی والدہ، بھائی، اہلیہ اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ جمعہ کو یہاں شہید میجر وجاہت وحید کی رہائش گاہ آمد کے موقع پر حمزہ شہباز نے کہا کہ میجر وجاہت وحید نے وطن کی حفاظت اور فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، شہید میجر وجاہت وحید جیسے بہادر سپوت قوم کا فخر اور ہمارا سرمایہ افتخار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں، شہدا کے اہل خانہ ہمارے لیے قابل احترام ہیں، پوری قوم ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے شہید میجر وجاہت وحید کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
حمزہ شہباز شریف کی شہید میجر وجاہت وحید کے گھر آمد’ اہلخانہ سے تعزیت

