لاہور (این این آئی)لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 6میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 3 نوجوان جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ریسکیو حکام کے مطابق تیز رفتار گاڑی بیریئر سے ٹکرانے کے بعد بے قابو ہو کر درخت سے جا ٹکرائی، حادثے میں دو
نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ تیسرا نوجوان ہسپتال منتقل کئے جانے کے دوران دم توڑ گیا۔حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 24سالہ عبدالحنان، 28سالہ مصطفی اور 22سالہ فیضان کے نام سے ہوئی ہے، زخمی نوجوان کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق حادثہ گاڑی پر ریس لگانے کے باعث پیش آیا، حادثے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔پولیس کے مطابق گاڑی کو تھانے منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
