راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)راولپنڈی کینٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے 5 نومبر تک جاری خصوصی صفائی مہم کے باوجود ڈھوک سیداں، گرجا روڈ اور مصریال روڈ سے ملحقہ آبادیوں چمن آباد اور محلہ حاجیاں میں صفائی کی صورتحال توجہ طلب ہے، جہاں گندگی کے ڈھیر اور بند نالیاں شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ مقامی سطح پر سامنے آنے والی صورتحال کے مطابق مذکورہ علاقوں میں صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ گندگی کی موجودگی اور نکاسی اب کے مسائل سے شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہونے کے ساتھ تعفن اور بیماریوں کے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔ ایک جانب کینٹونمنٹ بورڈ نے 20 اکتوبر سے خصوصی صفائی مہم شروع کر رکھی ہے، تو دوسری جانب ان آبادیوں میں صفائی کے مثر اور مستقل انتظامات شہریوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔ اس صورتحال میں صفائی عملے کی عملی کارکردگی، متعلقہ شعبے کی نگرانی اور شکایات پر بروقت کارروائی کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ شہریوں نے کینٹونمنٹ بورڈ کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چمن آباد، محلہ حاجیاں اور ملحقہ علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا فوری جائزہ لے کر گندگی اٹھانے، نالیوں کی صفائی اور باقاعدہ صفائی کے نظام کو یقینی بنایا جائے، تاکہ جاری مہم کے ثمرات ان علاقوں کے مکینوں تک بھی پہنچ سکیں۔
