لاہور(سٹی رپورٹر)ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے گزشتہ روز زیر تعمیر برکی روڈ کا دورہ کیا۔ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید، پراجیکٹ ڈائریکٹر، ایس ڈی او لیسکو اور اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نے بریفنگ دی۔برکی روڈ پر سڑک کی تعمیر کا مجموعی طور پر 45فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے، بقیا کام جاری ہے۔برکی روڈ پر سڑک کو چوڑا کیا گیا ہے، 2 لین سے چوڑا کرکے6لین سڑک بنائی جا رہی ہے۔ برکی روڈ کے 60 فیصد حصہ پر واٹر بانڈ ڈالا گیا ہے، بقیا پر کام جاری ہے۔برکی روڈ کے 6.1 کلومیٹر حصے میں 108 بجلی کے کھمبے منتقل ہو نگے،108 میں سے 24 کھمبے سڑک کے درمیان ہیں، جن کے متبادل کھمبے لیسکو نے سڑک کے اطراف لگائے ہیں۔سروسز کی منتقلی کے لیے سڑک کے اطراف لیسکو کی جانب سے نئے کھمبے نصب کیے جا چکے ہیں۔بجلی کے کھمبوں کی منتقلی کا عمل لیسکو کے شیڈول کے مطابق شٹ ڈان کے بعد آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے لیسکو حکام کو بقیہ کھمبے جلد منتقل کرنے کی ہدایت کی۔پراجیکٹ ڈائریکٹر نے لیسکو اور واسا کی جانب سے سڑک کی تعمیر میں درپیش چیلنجز بارے بریفنگ دی۔سڑک کے جس حصہ پر سیوریج لائن ڈالنے کا مسلہ ہے وہاں ترقیاتی کام میں مزید تاخیر رہے گی۔ڈی جی ایل ڈی اے نے ترقیاتی کاموں کے دوران پانی کا چھڑکائو جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
