بھارہ کہو (نامہ نگار)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نواحی شہر بھارہ کہو میں واپڈا کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، نہ بجلی جانے کا پتا اور نہ آنے کی خبر۔ واپڈا کی خود ساختہ لوڈشیڈنگ کے بے لگام گھوڑے نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے۔ وفاقی حکومت کی ناک تلے واپڈا آئیسکو نے عوام کی ناک میں دم کر رکھا ہے۔ جب چاہیں بجلی بند کر دیتے ہیں، جبکہ عوام کو مزید پریشان کرنے کے لیے قائم کی گئی ٹیلی فون کی ہیلپ لائن بھی مصروف کر دی جاتی ہے تاکہ نہ عوام سے رابطہ ہو اور نہ ہی ہمارے پروٹوکول میں کوئی فرق پڑے۔معززین علاقہ ملک عطا، محمد امین خان، حاجی غلام حسین، ظہور احمد، عبدالعزیز، رشید کیانی، حماد شاہ، ملک عثمان، محمد شمیم، نوید شہزاد، صدیق مغل، شعبان حسین و دیگر اپنے بہت سارے ساتھیوں کے ہمراہ پریس کلب بھارہ کہو پہنچ گئے اور واپڈا آئیسکو کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔ انہوں نے میڈیا سے پرزور مطالبہ کیا کہ سرکاری اداروں کی جانب سے عوام پر جو جبر اور خود ساختہ ظلم کیا جاتا ہے، میڈیا ہماری بات کو ایوان اقتدار تک پہنچانے میں ہماری مدد کرے تاکہ واپڈا سمیت تمام سرکاری اداروں میں بیٹھے سرکاری افسران و ملازمین ذمہ داری سے کام کریں تاکہ غیر اعلانیہ اور خودساختہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے .
