راولپنڈی(شاہد ملک سے) ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کی نااہلی کے باعث قدرتی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں اضافے کی آڑ میں راولپنڈی سٹی اور کینٹ کے علاقوں میں نانبائیوں نے روٹی، سادہ نان، روغنی اور تندوری پراٹھے کے من مانے نرخ بڑھا کر غریبوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھین لیا ہے، نانبائیوں نے از خود نرخوں میں 15 سے 20 فیصد اضافہ کردیا ہے،جبکہ ضلعی انتظامیہ سمیت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پرائس کنٹرول کمیٹی کے چیئرمین خاموش تماشائی بن کر شہریوں کو نانبائیوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے،شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے،تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں قدرتی گیس کی لوڈ شیڈنگ کے بحران کی وجہ سے ایل پی جی کی طلب بڑھ گئی ہے ،جس کی وجہ سے ایل پی جی فروخت کرنے والے مافیا نے راتوں رات ارب پتی بننے کے لئے ایل پی جی کے نرخوں میں اضافہ کردیا ہے اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کی آڑ میں راولپنڈی شہر، کینٹ، سٹلائٹ ٹاون اور گردونواح کے ہزاروں نانبائیوں نے اپنی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی کہنے پر پتیری روٹی 14 کی بجائے 25 روپے خمیری روٹی 30 کی بجائے 35 روپے سادہ نان 35 سے 40 روپے روغنی نان 60 سے 70 روپے اور پراٹھا 80 روپے پر فروخت کررہے ہیں،اس غیر قانونی اضافے کے بارے میں راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ سمیت پرائس مجسٹریٹس، پرائس کنٹرول کمیٹی کے حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور شہریوں کو نانبائیوں کے ہاتھوں لٹنے کا تماشا دیکھ رہے ہیں ،شہریوں نے کمشنر راولپنڈی اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر قانونی اقدام کے خلاف کاروائی کر کے نانبائیوں کر سرکاری نرخوں پر اپنی اشیا فروخت کرنے کے احکامات جاری کریں۔ شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے،
