لاہور(آئی این پی )لاہور میں مٹن، بیف اور مچھلی کی طلب میں اضافے کے ساتھ ہی قیمتیں بھی بے قابو ہوگئیں، اوپن مارکیٹ میں گوشت کی قیمتوں نے شہریوں کے ہوش اڑا دئیے۔ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی شہریوں کا رجحان مچھلی کی خریداری کی جانب بڑھ گیا ، جس کے باعث مختلف اقسام کی مچھلی کی مانگ میں اضافہ ہوگیا۔ مارکیٹ میں کالا رہو، ملہی، سول، سنگھاڑی، چڑا اور ڈمرا مچھلی 450 سے 600 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، جبکہ گل فام مچھلی کی قیمت بڑھ کر 1200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب مٹن اور بیف کی قیمتوں میں بھی سرکاری نرخوں اور اوپن مارکیٹ کے درمیان نمایاں فرق سامنے آگیا ہے،مٹن کا سرکاری نرخ 1600 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں 3000 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح بیف کا سرکاری نرخ 800 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 1450 روپے فی کلو فروخت جاری ہے، جس کے باعث شہری مہنگے داموں گوشت خریدنے پر مجبور ہیں۔
