واشنگٹن (آئی این پی)دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کے اسٹار شپ نے خلا سے زمین پر واپسی کا پہلا کامیاب تجربہ کرلیا۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 22 گھنٹے سے زائد خلا میں رہنے اور زمین کے 14 چکر مکمل کرنے کے بعد اسٹار شپ امریکی ریاست ٹیکساس میں لانچنگ ٹاور پر واپس پہنچ گیا ۔یہ اسٹار شپ کا 15واں تجربہ ہے اور پہلا ایسا تجربہ ہے جس میں راکٹ کے دونوں حصوں کو مکمل طور پر بحال کرنے کی امید کی گئی تھی، اسپیس ایکس اسٹار شپ کے اوپری اور نچلے حصوں کو مکمل طور پر دوبارہ قابلِ استعمال بنانا چاہتا ہے۔واضح رہے کہ اسٹار شپ کو دنیا کا سب سے طاقتور راکٹ قرار دیا جاتا ہے جو 2 حصوں پر مشتمل ہے جس میں سے ایک سپر ہیوی بوسٹر ہے، جو ایسا بڑا راکٹ ہے جس میں 33 انجن موجود ہیں جبکہ دوسرا اسٹار شپ اسپیس کرافٹ ہے جو بوسٹر کے اوپر موجود ہے جو اس سے الگ ہو جاتا ہے۔ اسٹار شپ کی خلا سے واپسی کا تاریخی منظر دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے اسکا خیرمقدم کیا ہے، خلائی ایجنسی اس دہائی کے آخر میں آرٹیمس خلابازوں کو چاند پر اتارنے اور مستقل قمری اڈہ بنانے میں مدد کرنے کے لیے اسٹار شپ کے لیے اربوں ڈالر ادا کر رہی ہے۔ یہ راکٹ 120 میٹر لمبا ہے جس کا وزن 50 لاکھ کلوگرام ہے اور اسے بار بار استعمال کرنا ممکن ہوگا۔اسپیس ایکس پہلے ہی امریکی خلائی ادارے ناسا سے معاہدہ کر چکی ہے جس کے تحت اسٹار شپ کے ذریعے دہائیوں بعد پہلی بار انسانوں کو چاند پر پہنچایا جائے گا۔ناسا کی جانب سے آرٹیمس 3 مشن کے تحت انسانوں کو چاند کی سطح پر اتارا جائے گا اور یہ کام اسٹار شپ کی مدد سے ہوگا۔ رپورٹس کے مطابق ایلون مسک مریخ پر ایک شہر بنانے کے لئے اسٹار شپس کا ایک بیڑا بنانا چاہتے ہیں۔
