ریاض،صنعا(آئی این پی )سعودی اتحادی افواج نے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض پر داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کر دیا گیا، جبکہ مملکت کے مشرقی صوبے کی طرف آنے والے تین ڈرون بھی مار گرائے گئے۔ادھر یمنی فوج نے 24 گھنٹوں میں حوثی باغیوں پر 723 حملے کئے جن میں جنگجوؤں اور رہنماؤں سمیت 321 افراد ہلاک و زخمی ہوگئے ، علاوہ ازیں باب المندب کے قریب سے یمنی فورسز کا انخلا، حوثیوں کو علاقے کا کنٹرول حاصل ہوگیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے اتوار کی صبح ریاض کے رہائشیوں کو فضائی خطرے سے متعلق الرٹ جاری کیا گیا، چند منٹ بعد زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جس کے بعد حکام نے خطرہ ٹل جانے کا اعلان کر دیا۔بعد ازاں یمن میں قانونی حکومت کی حمایت کرنے والے اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت ریاض کو نشانہ بنانے والے دو بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دئیے۔میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق مشرقی صوبے کی جانب بھیجے گئے تین ڈرونز کو بھی راستے میں مار گرایا گیا۔یہ تازہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب حوثی ملیشیا کے حالیہ ہفتوں کے دوران سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، فوجی تنصیبات اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ستمبر سے اب تک مملکت پر ہونے والے حملوں میں 26 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے 23 ہلاکتیں ہوائی اڈوں پر کیے گئے حملوں کے نتیجے میں ہوئیں۔دوسری جانب یمن کی سرکاری افواج نے ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیوں کا دعویٰ کیا ہے۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق یمنی سرکاری افواج کے ترجمان ماجد عبداللہ النزیلی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران حوثی باغیوں کے خلاف مجموعی طور پر 723 حملے اور کارروائیاں کی گئیں۔ان کے مطابق ان کارروائیوں میں 37 فضائی حملے، 56 ڈرون حملے، 89 راکٹ حملے اور توپ خانے سے 541 حملے شامل تھے۔ ان حملوں میں حوثیوں کے ٹھکانوں، اجتماعات، گاڑیوں اور جنگی سازوسامان کو نشانہ بنایا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ عوامی مزاحمت کی حمایت سے سرکاری افواج صوبہ تعز میں حوثیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ صوبہ مارب اور الجوف سمیت جنوبی اور جنوب مغربی محاذوں پر بھی جھڑپیں جاری ہیں۔ماجد عبداللہ النزیلی کے مطابق ابتدائی میدانی اندازوں کی بنیاد پر تازہ کارروائیوں میں حوثی جنگجوں اور رہنمائوں سمیت 321 افراد ہلاک اور زخمی ہوئے، جب کہ 117 گاڑیوں اور فوجی سازوسامان کو نقصان پہنچا۔ادھر یمن کی حکومتی فورسز نے کہا ہے کہ وہ اہم آبنائے باب المندب کے قریب واقع علاقے سے پیچھے ہٹ رہی ہیں جس کے بعد وہاں حوثی باغیوں کا کنٹرول ہو جائے گا۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اور سعودی حمایت یافتہ حکومت کے لئے لڑنے والی فورسز کی باب المندب کے علاقے سے پسپائی سے حوثیوں کو اس اہم بحری گزرگاہ پر مزید اثر و رسوخ حاصل ہو جائے گا۔ اس طرح انہیں ایسے وقت میں عالمی جہاز رانی پر دبا ڈالنے کا ایک موثر ذریعہ مل جائے گا جب ایران جزیرہ نما عرب کی دوسری طرف آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت میں خلل ڈال رہا ہے۔
ڈرون
