دمشق،بیروت(آئی این پی )شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے میں گاڑی میں نصب دھماکا خیز مواد پھٹنے سے دو افراد جاںبحق اور کم از کم ایک شخص زخمی ہوگیا۔شامی سرکاری ٹی وی اور وزارت داخلہ کے مطابق دھماکا بیٹریاں تیار کرنے والی ایک فیکٹری کے قریب پیش آیا، جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے، واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔شام میں دسمبر 2024 میں بشارالاسد حکومت کے خاتمے کے بعد سے سکیورٹی کی صورتحال بدستور غیر مستحکم ہے اور دمشق سمیت اس کے نواحی علاقوں میں گزشتہ چند ماہ کے دوران متعدد دھماکے ہو چکے ہیں۔جرمانہ میں دروز مذہبی اقلیت کی بڑی آبادی مقیم ہے، جہاں اس برادری کے بعض افراد اور موجودہ اسلام پسند حکومت کے حامی سنی مسلمانوں کے درمیان کشیدگی بھی پائی جاتی ہے۔ادھر لبنان کے مشرقی علاقے وادی بقاع میں شامی پناہ گزینوں کے ایک کیمپ میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں تقریبا 500 افراد بے گھر ہوگئے۔آتشزدگی نے درجنوں خیموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے 75 خاندانوں کا سامان اور عارضی رہائش گاہیں تباہ ہوگئیں۔ خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق یہ واقعہ لبنان کے ضلع زحلہ کے قصبے بر الیاس میں پیش آیا۔ کیمپ میں تقریبا 500 شامی پناہ گزین رہائش پذیر تھے۔عینی شاہدین کے مطابق آگ نے کیمپ کے تمام 59 خیموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جہاں 75 خاندان مقیم تھے۔ آگ تیزی سے پھیلنے کے باعث متاثرہ خاندانوں کو اپنا قیمتی سامان نکالنے کا موقع بھی نہیں ملا۔لبنان کی سول ڈیفنس کے مطابق امدادی ٹیموں نے کارروائی کرکے آگ پر قابو پالیا۔ ادارے کی ابتدائی رپورٹ میں 30 خیموں اور ایک گاڑی کے جلنے کی تصدیق کی گئی، جبکہ دھوئیں سے متاثر ہونے والے ایک شخص کو طبی امداد کے لیے الناصرہ اسپتال منتقل کیا گیا۔
