لاہور (خبر نگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے زیر اہتمام مینار پاکستان گراؤنڈ لاہور میں آل پاکستان تحفظ حرمین شریفین و استحکام پاکستان کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر سے علمائے کرام، دینی و سیاسی رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس سے امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث مولانا عبدالرشید حجازی، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں ،سینئر نائب امیر مولانا علی محمد ابو تراب اور ناظم کانفرنس و ایڈیشنل ناظم اعلیٰ سید سبطین شاہ نقوی سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ اور سعودی عرب کا دفاع پوری امت مسلمہ کا مشترکہ فریضہ ہے۔ سعودی عرب مسلمانوں کے لیے ریڈ لائن ہے اور حرمین شریفین کی سلامتی و تقدس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا سعودی عرب کے دفاع اور سلامتی کے حوالے سے دوٹوک مقف پوری پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے۔سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے مزید کہا کہ مکہ معاہدے سے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان نے تین ملکی مکہ معاہدے میں اہم اور قائدانہ کردار ادا کرکے اپنی سفارتی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اسی طرح ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ رکوانے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ یہ کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان خطے اور عالمی امن کے قیام میں موثر کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بیرونی محاذ کے ساتھ ساتھ اندرونی طور پر بھی مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ قومی استحکام کے لیے ملک میں مکالمے، برداشت، باہمی احترام اور سیاسی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا۔ اختلافات کو تصادم کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان کی حقیقی مضبوطی سیاسی استحکام کے ساتھ معاشی خودمختاری میں بھی مضمر ہے ، لہٰذا ملکی معیشت کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور عوام کو معاشی مشکلات سے نجات دلانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث نے معرکہ حق میں پاک فوج کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے مسلح افواج کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ ملکی اداروں اور پاک فوج کی مکمل حمایت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خوارج اسلام اور پاکستان دونوں کے دشمن ہیں۔ پاک فوج اور سکیورٹی اداروں پر حملے کرنے والے عناصر کے خلاف مثر کارروائی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے دہشت گردانہ حملوں میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ 26ویں آئینی ترمیم میں جنوری 2028 تک ملک کے مالیاتی نظام سے سود کے خاتمے کے حوالے سے شامل آئینی شق پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ حکومت اس سلسلے میں عملی اقدامات کرے اور معیشت کو سود سے پاک کرنے کے لیے واضح اور مثر لائحہ عمل اختیار کرے۔ انہوں نے تحفظ ناموس صحابہ کرام و اہل بیت اطہار کے حوالے سے کہا کہ صحابہ کرام اور اہل بیت اطہار کی عزت و ناموس ہر مسلمان کے ایمان اور عقیدے کا بنیادی حصہ ہے۔ ان کے تقدس اور احترام کے تحفظ کے لیے موثر قانون سازی کی جائے اور زیر التوا قانونی اقدامات کو فوری مکمل کرکے قانون نافذ کیا جائے۔اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین ہماری ریڈ لائن ہیں۔ ہم تو قبلہ رخ ٹانگیں کرکے سونا بھی حرام سمجھتے ہیں، کجا یہ کہ کوئی حرمین شریفین پر حملہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان معاہدے میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن)نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کردار بھی قابل تحسین ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان کا استحکام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، قومی معاملات پر اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ حرمین شریفین مسلمانوں کے ایمان اور عقیدت کا مرکز ہیں، ان کے تحفظ کے حوالے سے پاکستانی قوم کے جذبات پوری امت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہیں۔ انہوں نے مرکزی جمعیت اہلحدیث اور سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کو اہم قومی و دینی موضوعات پر کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ناظم اعلی مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان مولانا عبدالرشید حجازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحفظ حرمین شریفین و استحکام پاکستان کانفرنس کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حرمین شریفین مسلمانوں کی عقیدت کا مرکز ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے پوری امت مسلمہ متحد ہے۔ پاکستان کا استحکام، سلامتی اور اسلامی تشخص ہماری اولین ترجیح ہے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث ملک میں اتحاد، اخوت، مذہبی ہم آہنگی اور اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔سینئر نائب امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان مولانا علی محمد ابو تراب نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان کے دل کی آواز ہے اور سعودی عرب کی سلامتی کے خلاف کسی بھی جارحیت کو پوری امت مسلمہ کے خلاف اقدام تصور کیا جائے گا۔کانفرنس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حرمین شریفین کے تحفظ، پاکستان کی سلامتی و استحکام، قومی اتحاد، اسلامی اقدار کے فروغ اور آئین پاکستان کی اسلامی دفعات پر عمل درآمد کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ مضبوط، پرامن، خوشحال اور اسلامی تشخص کا حامل پاکستان ہی پوری قوم کی منزل ہے۔
ڈاکٹر حافظ عبدالکریم
