اوچشریف’دھورکوٹ’ بیٹ میر ہزارخان’ چوک مکول’ کلیم چوک(نمائندگان خبریں) شکار کھیلنے کے شوق میں گھروں سے نکلنے والے افراد کو کیا خبر تھی کہ یہ سفر ان کی زندگی کا آخری سفر ثابت ہوگا۔ خیرپور ڈاہا، جلال پور پیر والا روڈ پر علی الصبح پیش آنے والے دل دہلا دینے والے حادثے نے کئی خاندانوں کو عمر بھر کے غم میں مبتلا کر دیا، پتھروں سے لدے بے قابو ٹرک کے نیچے شکاریوں سے بھرا منی شہزور ڈالا دب گیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ ایک ہی لمحے میں خوشیوں بھرا سفر ماتم میں بدل گیا اور ڈیرہ غازی خان کے علاقے بیٹ چمن والا میں صفِ ماتم بچھ گئی۔ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب منی شہزور ڈالا خیرپور ڈاہا سے بہاولپور کی جانب جاتے ہوئے سڑک کنارے کھڑا تھا۔ ڈرائیور گاڑی کی ونڈ اسکرین صاف کر رہا تھا کہ اسی دوران پتھروں سے بھرا ٹرک بے قابو ہوکر منی شہزور ڈالے سے ٹکرا گیا اور اس پر الٹ گیا۔ ٹرک اور بھاری پتھروں تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو 1122 کی متعدد ٹیمیں فوری موقع پر پہنچیں، تاہم حادثے کی شدت اس قدر خوفناک تھی کہ امدادی کارروائیوں کے لیے ایکسی ویٹر سمیت بھاری مشینری طلب کرنا پڑی۔ ریسکیو اہلکاروں نے طویل جدوجہد کے بعد پتھر ہٹا کر متاثرین کو نکالا۔ریسکیو رپورٹ کے مطابق حادثے میں مجموعی طور پر 9 افراد متاثر ہوئے، جن میں سے 7 موقع پر جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں اعظم ولد کریم بخش چانڈیہ، سکنہ بیٹ چمن والا، تحصیل کوٹ چھٹہ، عمر 45/50 سال) محمد عمران ولد طالب حسین چانڈیہ، عمر 25/26 سال ‘ محمود وسیم ولد محمد عارف چانڈیہ، عمر 50/52 سال’محمد شعیب ولد محمد اقبال چانڈیہ، (عمر 39/40 سال) محمد احمد ولد محمد حسین چانڈیہ (عمر 40/42 سال) محمد احمد ولد دین محمد چانڈیہ، (عمر 20/22 سال) یقین محمد عارف باگوالہ چانڈیہ، (عمر 50/60 سال) دوران ایکسیڈنٹ مضروب ہوئے۔ منور حسین ولد محمد ہاشم چانڈیہ، (عمر 30/35 سال) فہرست افرادجو دوران ایکسیڈنٹ محفوظ رہے ۔ عابد حسین ولد حضور بخش چانڈیہ، ‘ محمد اسد ولد محمد اسماعیل چانڈیہ، ‘فیض کریم ولد غلام رسول چانڈیہ، غلام مرتضیٰ ولد … خان چانڈیہ، ۔ عبدالمجید ولد فیض محمدچانڈیہ، ۔ لیاقت حسین ولد طالب حسین چانڈیہ، ۔ محمد منظور ولد محمد ہاشم چانڈیہ، ۔غلام مصطفیٰ ولد اللہ بچایا چانڈیہ، ۔محمد ممتاز ولد محمد رمضان رند بلوچ، حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا، گھروں میں صفِ ماتم بچھ گئی اور اہلِ خانہ اپنے پیاروں کی میتوں کے منتظر رہ گئے۔ شکار کے لیے نکلنے والے افراد کا یہ قافلہ موت کے ایسے بھیانک حادثے کی نذر ہوا کہ کئی گھروں کے چراغ ایک ساتھ گل ہوگئے۔ ایک طرف ریسکیو اہلکار ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف رہے تو دوسری جانب ورثا پر غم کے پہاڑ ٹوٹ پڑے۔
حادثہ
