اسلام آباد (عادل عباسی) پاکستان تحریک انصاف کے اندر چندے کی مبینہ خوردبرد اور مالی معاملات میں بے ضابطگیوں کا معاملہ شدت اختیار کر گیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے چندے کے استعمال اور اخراجات کی جانچ پڑتال
کے لیے تحقیقاتی کمیٹی قائم کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم دلچسپ امر یہ ہے کہ پارٹی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اس مبینہ کمیٹی اور تحقیقات کے فیصلے سے لاعلم نکلے، جس کے بعد تحریک انصاف کی موجودہ قیادت کے اختیارات اور پارٹی کے اندر فیصلہ سازی کے نظام سے متعلق نئے سوالات جنم لینے لگے ہیں۔باخبر ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر قائم کی جانے والی مبینہ کمیٹی میں نیاز اللہ نیازی، فیصل شیر جان، افراسیاب اور دو خواتین ارکان پارلیمنٹ کو شامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی کو مختلف ادوار میں تحریک انصاف کے لیے جمع ہونے والے چندے، اس کے استعمال، اخراجات اور مالی ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی ذمہ داری سونپے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی تمام دستیاب شواہد اور مالی تفصیلات اکٹھی کرے گی اور اپنی رپورٹ براہ راست بانی پی ٹی آئی عمران خان تک پہنچائے گی۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے دور حکومت میں تحریک انصاف کے لیے بین الاقوامی سطح پر مبینہ طور پر چالیس سے پچاس کروڑ روپے تک چندہ اکٹھا کیا گیا تھا، تاہم اس رقم کے استعمال اور اخراجات کے حوالے سے پارٹی کے اندر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ چندے کی مد میں جمع ہونے والی رقم کے استعمال اور مالی معاملات میں مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آنے کے بعد معاملے کی چھان بین ضروری سمجھی گئی۔ذرائع کے مطابق موجودہ وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے دور میں بھی مبینہ طور پر چالیس سے پینتالیس کروڑ روپے تک چندہ اکٹھا کیا گیا، تاہم اس رقم کے اخراجات اور استعمال کی تفصیلات تاحال واضح نہیں ہو سکیں۔ پارٹی کے بعض حلقوں میں یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کارکنوں اور بیرون ملک مقیم حامیوں سے بار بار چندہ جمع کرنے کے باوجود یہ رقوم کن مقاصد کے لیے خرچ کی گئیں اور ان کے استعمال کا باقاعدہ حساب کیوں سامنے نہیں لایا گیا۔مزید اہم انکشاف یہ ہے کہ چندے کی مبینہ خوردبرد اور مالی بے ضابطگیوں سے متعلق شکایات مسلسل بانی پی ٹی آئی عمران خان تک پہنچتی رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے پارلیمانی پارٹی اجلاسوں میں بھی چندے کے استعمال اور مالی معاملات پر ارکان ایک دوسرے پر الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔ بعض ارکان کی جانب سے جمع ہونے والی رقوم کے اخراجات اور ان کے استعمال کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے جاتے رہے، جبکہ اس معاملے پر پارٹی کے اندر تحفظات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ مسلسل شکایات اور پارلیمانی پارٹی اجلاسوں میں سامنے آنے والے الزامات کے بعد بانی پی ٹی آئی نے معاملے کی باقاعدہ چھان بین اور حقائق سامنے لانے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔تحریک انصاف کے عام کارکنوں میں بھی اس معاملے پر تشویش پائی جاتی ہے، کیونکہ کارکن اپنی استطاعت کے مطابق پارٹی اور بانی پی ٹی آئی کی حمایت میں مالی تعاون کرتے ہیں، لیکن اگر جمع ہونے والی رقوم کے استعمال کا شفاف نظام موجود نہیں تو اس سے کارکنوں کے اعتماد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ پارٹی کے اندر یہ مقف بھی سامنے آ رہا ہے کہ چندے کے نام پر جمع ہونے والی رقوم کے استعمال کا مکمل حساب اور مالی تفصیلات کارکنوں کے سامنے لائی جانی چاہئیں تاکہ کسی بھی قسم کے شکوک و شبہات کا خاتمہ ہو سکے۔اس حوالے سے پارلیمنٹ ہاس میں بیرسٹر گوہر علی خان سے خبریں نے سوال کیا کہ کیا بانی پی ٹی آئی عمران خان نے چندے کی مبینہ خوردبرد اور مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے کوئی کمیٹی قائم کی ہے اور کیا اس کمیٹی میں نیاز اللہ نیازی، فیصل شیر جان، افراسیاب سمیت دو خواتین ارکان پارلیمنٹ کو شامل کیا گیا ہے؟ اس پر بیرسٹر گوہر علی خان نے اس معاملے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے علم میں ایسی کوئی بات نہیں ہے۔پارٹی چیئرمین کی جانب سے اس اہم معاملے سے لاعلمی کے اظہار نے تحریک انصاف کے اندرونی فیصلہ سازی کے طریقہ کار پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ سیاسی حلقوں میں یہ سوال زیر بحث ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر پارٹی کے مالی معاملات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کی جا رہی ہے تو کیا پارٹی چیئرمین کو بھی اس فیصلے سے آگاہ نہیں کیا گیا؟ کیا تحریک انصاف میں اہم فیصلے اب بھی براہ راست بانی پی ٹی آئی کی سطح پر ہو رہے ہیں اور موجودہ مرکزی قیادت ان فیصلوں سے بے خبر ہے؟تین سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود اگر پارٹی کے چیئرمین کو اہم تنظیمی اور مالی معاملات سے متعلق فیصلوں کا علم نہیں تو بیرسٹر گوہر علی خان کے بطور چیئرمین اختیارات اور عملی کردار پر بھی سوالات اٹھنا فطری ہیں۔ دوسری جانب چندے کی مبینہ خوردبرد اور کروڑوں روپے کے مالی معاملات کی تحقیقات کا معاملہ تحریک انصاف کے لیے ایک اہم داخلی چیلنج بن سکتا ہے۔ تاہم ان مالی بے ضابطگیوں سے متعلق الزامات کی باضابطہ تصدیق، متعلقہ مالی ریکارڈ اور کمیٹی کی حتمی رپورٹ سامنے آنا ابھی باقی ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی اپنی رپورٹ میں کیا حقائق سامنے لاتی ہے، چندے کی مد میں جمع ہونے والی کروڑوں روپے کی رقوم کے استعمال کی تفصیلات کس حد تک واضح ہوتی ہیں اور کیا تحریک انصاف کی قیادت مالی معاملات کا مکمل حساب اپنے کارکنوں کے سامنے پیش کرے گی؟
