لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے اپنا پہلا ویمنز بگ بیش لیگ (ڈبلیو بی بی ایل) سیزن مکمل کر لیا ہے اور ویسٹ انڈیز کے دورے سے قبل قومی ڈیوٹی سنبھالنے کے لیے وطن واپس آ رہی ہیں۔فاطمہ ثنا نے اس سیزن میں پرتھ اسکورچرز کی نمائندگی کی۔ وہ ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل ہوں گی جس کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) آئندہ ایک سے 2 روز میں متوقع ہے۔آسٹریلیا سے روانگی پر فاطمہ ثنا نے انسٹاگرام پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ قومی ڈیوٹی پر واپس جا رہی ہیں اپنے ساتھ انمول یادیں، نئے تجربات، سبق اور فتوحات لے کر جا رہی ہیں۔ انہوں نے اسکورچرز کے رنگوں میں گزارے ہر لمحے اور ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اپنی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اسکورچرز کو فائنلز کے لیے بہت بہت نیک تمنائیں، جا اور ٹائٹل جیت کر آ۔24 سالہ آل رانڈر نے اپنے پہلے ہی ڈبلیو بی بی ایل سیزن میں متاثر کن کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے پرتھ اسکورچرز کے لیے 7 میچز میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کا اوسط 25.17 اور اکانومی ریٹ 7.75 رہا۔بیٹنگ میں انہوں نے 3 اننگز میں 11 رنز بنائے جس میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 10 رنز تھا۔ ان کی بہترین بولنگ 2/27 رہی جو انہوں نے 31 اکتوبر کو واکا گرانڈ پرتھ میں میلبورن رینیگیڈز کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ میں کی تھی۔اعداد و شمار سے قطع نظر فاطمہ ثنا کا یہ پہلا ڈبلیو بی بی ایل سیزن ان کے کیریئر کے لیے ایک قیمتی تجربہ ثابت ہوا۔ آسٹریلیا کی مشکل کنڈیشنز اور دنیا کی بہترین بیٹرز کے سامنے پہلی ہی بار کھیلتے ہوئے 7 میچز میں 6 وکٹیں حاصل کرنا کسی بھی نئی کھلاڑی کے لیے حوصلہ افزا کارکردگی سمجھی جاتی ہے۔

