ملتان، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ( خبر نگار، بیورو رپورٹ، نمائندہ خصوصی، تحصیل رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردارینے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت مشکل حالات کا سامنا ہے، تاہم باہمی اتحاد، اتفاق اور مشترکہ جدوجہد کے ذریعے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ ہمیں نفرتوں اور اختلافات کو چھوڑ کر خدمت کی سیاست کو فروغ دینا ہوگا۔ بلوچستان کے حالات بھی مشکل ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے مل کر محنت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ جہاں بھی جاتے ہیں وہاں بلوچستان کے حوالے سے بہت کم سوالات کیے جاتے ہیں، تاہم ڈیرہ غازی خان کے عوام کی جانب سے بلوچستان کے حالات کے بارے میں فکر مندی کا اظہار خوش آئند ہے۔ یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ یہاں کے لوگ ملک کے دوسرے علاقوں کے مسائل سے بھی آگاہ اور ان کے حوالے سے فکرمند ہیں۔ وہ ڈیرہ غازی خان میں کھوسہ ہاؤس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ سابق گورنر پنجاب اور سینئر سیاستدان سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ مرحوم کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کرنے آئے ہیں۔ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں اہل خانہ کے ساتھ کھڑا ہونا ہماری روایات اور سیاسی اقدار کا حصہ ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کی سیاسی خدمات، جمہوری جدوجہد اور قومی سیاست میں ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کے صاحبزادے اور خاندان کے دیگر افراد اپنے بزرگ کی سیاسی میراث کو آگے لے کر چل رہے ہیں، جو یقینا ایک بڑی ذمہ داری ہے۔ ہم دعاگو ہیں کہ وہ اس ذمہ داری کو احسن انداز میں نبھائیں، کامیابی حاصل کریں اور اپنے بزرگوں کے مشن اور سیاسی روایات کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا اور عوامی خدمت کو سیاست کا بنیادی مقصد بنانا ہوگا۔ قبل ازیں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کھوسہ ہاؤس پہنچ کر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ مرحوم کے صاحبزادوں اور خاندان کی دیگر اہم شخصیات سے ملاقات کی، تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کے بڑے صاحبزادے سردار سیف الدین خان کھوسہ، سردار دوست محمد خان کھوسہ، سردار عبدالقادر خان کھوسہ، سردار امجد فاروق کھوسہ، سردار عرفان اللہ خان کھوسہ سمیت کھوسہ خاندان کی دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات موجود تھیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ تعزیت کے لیے آنے والے وفد میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد مجتبیٰ، ندیم افضل چن، نتاشا دولتانہ، رکن قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار، رکن قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی، سید موسیٰ رضا گیلانی، علی حیدر گیلانی سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے دیگر مرکزی و مقامی رہنما بھی شامل تھے۔قبل ازیں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ملتان سے ڈیرہ غازیخان جاتے ہوئے مظفرگڑھ کے نواحی علاقے مراد آباد پہنچے تو پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے مہر ارشاد احمد سیال اور سینکڑوں پارٹی کارکنوں نے بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا ۔اس موقع پر پارٹی کارکنوں نے بلاول بھٹو زرداری کے حق میں زبردست نعرہ بازی کی بعدازاں جلبانی پمپ پر ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی ملک مظہر پہوڑ ایڈووکیٹ کی قیادت میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پرتپاک استقبال کیا ۔کارکنوں نے اپنے قائد کے استقبال کیلئے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا اور ان کے حق میں نعرے لگائے ۔پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کا ووٹ ہی سب سے بڑی طاقت ہے۔ آج مظفرگڑھ کے شہریوں سے انتقام لیا جارہا ہے اور ان کو ووٹ کے حق سے محروم رکھا جارہا ہے۔ ووٹ کی قدر ہونی چاہیے اور مظفرگڑھ کے لوگوں کو ان کا نمائندہ منتخب کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بھٹو خاندان نے قربانیاں دے کر جمہوریت کو زندہ رکھا اور پیپلز پارٹی جمہوریت کی خاطر کسی قربانی سے گریز نہیں کرے گی ۔بعد ازاں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایم پی اے میاں علمدار عباس قریشی کی رہائش گاہ پر پہنچے ،جہاں انہوں نے میاں علمدار عباس قریشی کی اہلیہ اور ان کے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ۔فاتحہ خوانی کی اور مرحومین کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ،صدر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب مخدوم سید احمد محمود، سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی ندیم افضل چن، سینیٹر رانا محمود الحسن، ایم این اے سید عبدالقادر گیلانی، سید علی قاسم گیلانی، سید علی حیدر گیلانی ،شازیہ عابد، عبدالقادر شیخ چیف کوآرڈینیٹر پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم، سینئر نائب صدر پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب سردار اشرف خان رئیں، سابق ایم پی اے ملک رضا الرحمن خان، سابق وفاقی وزیر مملکت میاں طاہر احمد دولتانہ، جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب ماروی ارشاد سیال، میاں آصف دستی ڈویژنل صدر پیپلز پارٹی قاضی احسان اللہ لنگاہ ایڈووکیٹ ملک رضوان کلرو میاں نجم عباس قریشی میاں قیصر عباس قریشی ملک انصر سندھیلہ ملک علی زین پہار سمیت دیگر رہنماؤں اور سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔
بلاول بھٹو
