انقرہ(این این آئی)ترک فضائیہ کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر تربیتی مشن کے دوران گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار پانچ فوجی اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک وزارتِ دفاع نے اپنے بیان میں تصدیق کی کہ ترک فضائیہ کا اے ایس پانچ سو بتیس فوجی ہیلی کاپٹر ملک کے وسطی صوبے اسکی شہر سے تربیتی پرواز کے لیے روانہ ہوا تھا کہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر حادثے کا شکار ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی گئیں جنہوں نے طویل تلاش کے بعد ہیلی کاپٹر کا ملبہ تلاش کر لیا۔ ترک وزارتِ دفاع نے جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے اعلی سطح کی تکنیکی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
