لاہور(شوبزڈیسک)پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو اپنی عالمی ریلیز سے قبل ہی انڈیا میں خوف پھیلا دیا ہے۔ بھارتی فلمی صنعت کی ایک تنظیم نے سیریز کی بھارت میں نمائش روکنے اور پاکستانی تفریحی مواد پر مستقل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق آل انڈیا سنے ورکرز ایسوسی ایشن (AICWA) نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ نیٹ فلکس پر مذکورہ پاکستانی سیریز کی بھارت میں نشریات کی اجازت نہ دی جائے۔سیریز کی عالمی سطح پر ریلیز 4 دسمبر 2026 کو شیڈول ہے جس میں فواد خان، ماہرہ خان، ہانیہ عامر، حمزہ علی عباسی، احد رضا میر، اقرا عزیز، صنم سعید، مایا علی، اور خوشحال خان سمیت پاکستان کے کئی معروف فنکار شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق بھارتی تنظیم نے اپنے مطالبے کی وجہ سیریز میں شامل بعض پاکستانی فنکاروں کے 2025 میں ہونے والے آپریشن سندور سے متعلق بیانات کو قرار دیا ہے۔پاکستانی فنکاروں نے اس پر شدید ردعمل دیا تھا، فواد خان نے بھارتی کارروائی کو شرمناک جبکہ ماہرہ خان نے اسے بزدلانہ حملہ قرار دیا تھا۔ ہانیہ عامر نے بھی اس پر تنقید کی تھی۔یہ تنازع ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات پہلے ہی کشیدہ ہیں اور دونوں ممالک کے فنکاروں، فلموں اور ڈراموں کی مقبولیت بھی سیاسی تناظر میں زیرِ بحث آ رہی ہے۔
پاکستان کی پہلی نیٹ فلیکس سیریز نے انڈیا میں خوف پھیلا دیا

