ریاض،صنعا (نیوز ایجنسیاں)سعودی اتحادی فوج نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں ڈرون حملے ناکام بنا دیئے گئے۔ فضائی دفاعی نظام نے مشرقی صوبے کے علاقے راس تنورہ میں 4ڈرونز کو مار گرایا۔سعودی اتحادی فوج کےترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا ہے کہ ڈرونز کو تباہ کرنے کے نتیجے میں ان کا ملبہ مختلف مقامات پر گرا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یمن کے ساحلی شہر حدیدہ میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔اس سے قبل ریاض کے فنانشل ڈسٹرکٹ میں ایک ٹاور پر حوثیوں کے دہشت گردانہ حملے میں 11 افراد زخمی ہوئے تھے، زخمیوں میں 2 سعودی، 2 بھارتی، 3 نیپالی اور 4 مصری شہری شامل ہیں۔ دوسری جانب سعودی فضائی دفاعی نظام نے بدھ کی صبح الشرقیہ ریجن کی جانب داغے جانے والے تین ڈرون جبکہ راس تنورہ کے اوپر چار ڈرون مار گرائے جبکہ عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ اتحاد نے الحدیدہ بندرگاہ پر موجود آپریشنل صلاحیتوں کو نشانہ بنایا ہے۔یہ کارروائی حوثیوں کی جانب سے ریاض میں ایک شہری عمارت کو نشانہ بنانے کے بعد کی گئی، جس کی اعلیٰ سفارت کاروں کی جانب سے شدید مذمت سامنے آئی تھی۔د ریں اثنا یمن کی مسلح افواج نے تصدیق کی ہے کہ حوثی جنگجو حکومت کے مضبوط گڑھ اور عبوری دارالحکومت عدن سے محض 60 کلومیٹر کے فاصلے پر پہنچ چکے ہیں، تاہم فوج نے عدن کے دفاع کے لئے مکمل تیاریاں کر رکھی ہیں۔یمن کی سرکاری افواج کے ترجمان کرنل ماجد النزیلی نے ایک بریفنگ کے دوران انکشاف کیا ہے کہ حوثی باغی سرکاری دارالحکومت عدن سے تقریبا 60 کلومیٹر کی دوری پر موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اس خطرے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، حوثی شہر پر حملے کے لیے تیار ہیں تاہم یمنی افواج نے بھی عدن کے دفاع کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
ڈرون
