لاہور (شوبزڈیسک)معروف پاکستانی اداکارہ صنم سعید نے سوشل میڈیا صارفین اور ناظرین سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈراموں اور فلموں پر تنقید کرتے ہوئے شائستگی اور مثبت رویہ اختیار کریں اور فنکاروں کی محنت کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیری انداز میں اپنی رائے کا اظہار کریں۔پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو کی تشہیری سرگرمیوں کے دوران کراچی میں ایک انٹرویو دیتے ہوئے صنم سعید نے کہا کہ کسی بھی منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے فنکاروں اور پروڈکشن ٹیم کو طویل وقت، محنت، صبر اور مالی وسائل صرف کرنا پڑتے ہیں، اس لیے ناظرین کو تنقید کرتے ہوئے ان تمام پہلوں کا خیال رکھنا چاہیے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ناظرین کو خامیوں کی نشاندہی یا شکایات کرنے سے نہیں روک رہیں، تاہم انہیں چاہیے کہ کسی بھی تخلیقی کام کو کھلے دل سے دیکھیں اور اپنی رائے کا اظہار مثبت انداز میں کریں۔انہوں نے کہا کہ تبصرے کرتے وقت شائستگی اختیار کی جائے اور تنقید کو تعمیری رکھا جائے۔صنم سعید کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فرحت اشتیاق کے معروف ناول پر مبنی سیریز جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو کی عالمی ریلیز کی تیاریاں جاری ہیں۔ مومنہ درید کی ہدایت کاری میں بننے والی اس سیریز میں فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید، ہانیہ عامر، احد رضا میر، حمزہ علی عباسی، اقرا عزیز، مایا علی، بلال اشرف اور آمنہ شیخ سمیت متعدد معروف فنکار شامل ہیں۔سیریز 4 دسمبر کو دنیا بھر میں نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی، جسے پاکستانی تفریحی صنعت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔دوسری جانب سیریز کی تشہیری تقریبات کے دوران صنم سعید کے فیشن اسٹائل نے بھی توجہ حاصل کی۔ پہلے روز انہوں نے پاکستانی برانڈ جگنو کا روایتی بلیزر جینز کے ساتھ زیب تن کیا، جبکہ ٹریلر لانچ کی تقریب میں حسین ریحر کا تیار کردہ سیاہ لباس پہنا، جس پر پھولوں کی خوبصورت نقش و نگاری کی گئی تھی۔واضح رہے کہ صنم سعید اس سے قبل بھی سوشل میڈیا پر فنکاروں کے خلاف سخت تبصروں اور ذاتی حملوں پر تشویش کا اظہار کر چکی ہیں۔ انہوں نے اداکارہ درفشاں سلیم کے ڈرامے درِ نجات میں لہجے کو لے کر ہونے والی تنقید پر بھی ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین کے رویے پر سوال اٹھایا تھا۔صنم سعید کے حالیہ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ فنکاروں کے کام پر تنقید کرنا ناظرین کا حق ہے، تاہم اختلافِ رائے کا اظہار ذاتی حملوں کے بجائے دلیل، احترام اور تعمیری انداز میں ہونا چاہیے۔
صنم سعید کی نیٹ فلیکس سیریز کی ریلیز سے قبل شائقین سے دلچسپ اپیل

