واشنگٹن (این این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو روس اور چین کی جانب سے انٹیلی جنس معلومات فراہم کیے جانے کی اطلاعات کو زیادہ اہمیت نہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک ایران کی زیادہ مدد نہیں کر رہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ مارا لاگو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع پر چین اور روس کے صدور کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں میں بھی بات ہوئی تھی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات غیر معمولی رہی اور ان کے خیال میں چین ایران کے معاملے میں بہت محدود طور پر ملوث تھا جبکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ روس اور چین دونوں ایران کے ساتھ جاری تنازع کا خاتمہ چاہتے تھے اور اس مقصد کے لیے امریکا کی مدد کر رہے تھے۔
