لندن(این این آئی)طبی ماہرین نے دل کی کمزوری اور ناکامی کی علامات ظاہر ہونے سے پہلے ہی اس کی بروقت تشخیص اور روک تھام کے حوالے سے اہم پیشرفت کا دعوی کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ادارے میو کلینک فلوریڈا کے ماہرِ امراضِ قلب اور ٹرانسپلانٹ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر جوزے ناتیوی نے بتایا کہ ماضی میں دل کی ناکامی کی تشخیص عموما علامات ظاہر ہونے کے بعد کی جاتی تھی، تاہم اب ابتدائی مراحل میں بیماری کی نشاندہی پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ دل کی ناکامی کے ابتدائی مرحلے میں بلند فشارِ خون، ذیابیطس، موٹاپا اور کولیسٹرول جیسے عوامل کی روک تھام اہم ہوتی ہے جبکہ اگلے مرحلے میں ای سی جی کے نتائج کا مصنوعی ذہانت کے ذریعے تجزیہ کر کے پٹھوں میں ہونے والی ابتدائی تبدیلیوں کی شناخت میں مدد مل رہی ہے، جس سے علامات ظاہر ہونے سے پہلے علاج کے امکانات بہتر ہو سکتے ہیں۔
