غزہ(این این آئی)غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں کی نئی لہر کے نتیجے میں کم از کم 10 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جس کے بعد حماس نے جوابی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ شہر کے طفح محلے، ساحلی پٹی کے پناہ گزین کیمپ اور شیخ رضوان کے علاقے میں رات گئے اور گزشتہ روز کیے گئے فضائی حملوں میں مزید 7فلسطینی شہید ہوئے جبکہ اس سے قبل ہونے والی کارروائیوں میں حماس کے سیاسی دفتر کے رکن اور مالیاتی امور کے نگران خالد ابو ندا بھی شہید ہو گئے تھے۔ اسرائیلی فوج نے دعوی کیا کہ وہ گزشتہ 1 ماہ کے دوران حماس کے تقریبا 80 جنگجوں کو ہلاک کر چکی ہے اور خالد ابو ندا منگل کے بعد مارے جانے والے تیسرے سینئر عہدیدار تھے جو تنظیم کے مالیاتی و سرمایہ کاری نیٹ ورک کی نگرانی کرتے تھے۔ دوسری جانب حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ شہریوں اور عہدیداروں کو نشانہ بنانا جنگ بندی معاہدے اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے، جبکہ تنظیم کے رہنما خلیل الحیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ فلسطینیوں کا خون قیمتی ہے اور اسرائیلی کارروائیوں پر خاموشی اختیار کرنا کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
