ووہان (اے پی پی) ایرینا سبالینکا، ایشلے بارٹی، ڈومنیکا سیبل کووا، پولو چنکووا اور کونتا ویت پیش قدمی برقرار رکھتے ہوئے ووہان اوپن ٹینس ویمنز سنگلز کوارٹر فائنل میں داخل ہو گئیں، اینجلیق کربر، پیٹرا کویٹووا شکستوں کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئیں۔ چین میں جاری ایونٹ میں بدھ کو کھیلے گئے ویمنز سنگلز پری کوارٹر فائنلز میں آسٹریلوی کھلاڑی ایشلے بارٹی نے جرمنی کی اینجلیق کربر کو 7-5 اور 6-1 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، ڈومنیکا سیبل کووا نے کاسٹکینا کو ٹائی بریک پر شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا، روسی کھلاڑی پولو چنکووا نے جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا کو سخت مقابلے کے بعد زیر کر کے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔، بیلاروس کی کھلاڑی سبالینکا نے حریف امریکن کھلاڑی سوفیا کینن کو 6-3 اور 6-3 سے زیر کر کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔، ایستونین کھلاڑی آنیٹ کونتا ویت نے چینی کھلاڑی شوئی زینگ کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، فتح کے ساتھ ہی کونتا ویت کوارٹر فائنل میں داخل ہو گئیں۔
