سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں شاداب خان کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے دی۔
لاہور میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں شاداب خان نے کیریئر کی پہلی سنچری بنا کر پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح دلا دی۔ پاکستان کی 154 رنز پر 9 وکٹیں گرنے کے بعد شکست یقینی دکھائی دے رہی تھی، تاہم شاداب نے ہمت نہ ہاری اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کردیا۔
پاکستان نے 48 ویں اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز کا ہدف پورا کرلیا جس کے بعد پاکستان سہ ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میں پہنچ گیا۔
آخری وکٹ پر شاداب خان اور حارث رؤف نے 89 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔ حارث رؤف نے 19 گیندوں پر 17 رنز بنائے اور چوکا لگا کر میچ کا فیصلہ کن شاٹ کھیلا۔ سعد بیگ نے 22 گیندوں پر 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے شامل تھے، جبکہ سلمان علی آغا نے 26 اور حسن نواز نے 15 رنز بنائے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو انگلینڈ کی ٹیم 47ویں اوور میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بین ڈکٹ نے 105 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ سیم کرن 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4، رضا اللہ اور عرفات منہاس نے 2،2 جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس کے موقع پر کپتان شاہین آفریدی نے بتایا کہ وارم اَپ کے دوران نسیم شاہ کی انگلی میں انجری ہوئی، جبکہ فہیم اشرف کو ٹیم سے ڈراپ کیا گیا۔ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شاداب خان، رضا اللہ، صائم ایوب، فخر زمان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، سعد بیگ، حسن نواز، عرفات منہاس، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل تھے۔
سہ ملکی سیریز: شاداب خان کی سنچری کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے دی

