لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں شاپنگ بیگز کے استعمال کی مجوزہ پابندی کے خلاف لاہور میں شاپنگ بیگ انڈسٹری مالکان اور مزدور سڑکوں پر آگئے۔مال روڈ لاہور پر شاپنگ بیگز انڈسٹری سے متعلقہ افراد نے سٹیج سجا لیا، لاہور اور اس کے قرب و جوار سے فیکٹری مالکان اور مزدوروں کی بڑی تعداد پنجاب اسمبلی کے سامنے ڈٹ گئی۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ شاپنگ بیگ کے استعمال پر پابندی بلا سوچے سمجھے لگائی جا رہی ہے، فریقین کو مشاورت میں شامل کر کے فیصلے کئے جائیں۔مظاہرین کے مطابق شاپنگ بیگز بنانے والی پنجاب میں چار ہزار 800 فیکٹریاں کام کرتی ہیں اور ساڑھے 3 لاکھ سے زیادہ افراد براہ راست اس کاروبار سے وابستہ ہیں، شاپنگ بیگز پر پابندی کا فیصلہ بڑا معاشی بحران جنم دے گا۔حکومت نے اب تک اسلام آباد، گوجرانوالہ اور سندھ میں شاپنگ بیگز پر پابندی کا مرحلہ وار آغاز کر چکی ہے اور اب پنجاب بھر میں پابندی کا ٹائم فریم آنا باقی ہے۔