اسلا م آبا د (ویب ڈیسک)وفاقی حکومت نے 12 جون کو 71 کھرب 36 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا، جس پر ماہرین اور عوام نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔رواں سال جہاں وفاقی حکومت نے ٹڈی دل اور کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے خصوصی فنڈز کا اعلان کیا، وہیں تعلیم، صحت اور دفاع سمیت کئی شعبوں کے بجٹ میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا۔رواں سال وفاقی حکومت نے بجٹ میں سائنس و ٹیکنالوجی، ای گورننس اور نوجوانوں کے لیے خصوصی منصوبوں کے لیے بھی بجٹ مختص کیا ہے۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے بجٹ21-2020 پیش کیا ،انہوں نے خطاب میں کہا کہ ای گورننس اور آئی ٹی کی بنیاد پر چلنے والی سروسز، 5 جی سیلولر سروسز کے آغاز پر حکومت کی توجہ ہے، جس وجہ سے ان منصوبوں کے لیے حکومت نے 20 ارب روپے مختص کیے ہیں۔حکومت نے جہاں سائنس و ٹیکنالوجی کے لیے بجٹ مختص کیا، وہیں حکومت نے ای گورننس کے فروغ کے لیے بھی خصوصی بجٹ اور فنڈز کا اعلان کیا۔وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ای گورننس کے ذریعے حکومت کا پبلک سروسز کی فراہمی کو بہتر بنانا وزیراعظم عمران خان کا وڑن ہے۔ان کے مطابق وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے تمام وزارتوں اور ڈویڑنز کو الیکٹرانک طور پر مربوط کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے اور اس منصوبے پر عملدرآمد کے لیے ایک ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے۔علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے فوڈ سیکیورٹی کے لیے بھی الگ 12 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ہے۔فوڈ سیکیورٹی کے لیے مختص کیے گئے بجٹ کو تحفظ خوراک سمیت فوڈ سیکیورٹی کے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔مزید برآں تحریک انصاف کی حکومت نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود و ترقی کے پروگرام ‘کامیاب نوجوان’ کے لیے بھی 2 ارب روپے کا بجٹ جاری کیا ہے۔