کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کے بجلی صارفین کیلئے اچھی خبر ہے کہ کے الیکٹرک کیلئے بجلی دو روپے انسٹھ پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے، ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی درخواست پر نیپرا نے سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جو بعد میں جاری کیا جائے گا۔
دسمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں کمی کے حوالے سے دائر درخواست پر نیپرا میں سماعت ہوئی، سماعت کے دوران نیپرا حکام نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں ایک روپے اناسی پیسے کمی کی درخواست کی گئی تاہم کے الیکٹرک حکام کے مطابق دسمبر میں بجلی کی طلب گزشتہ مہینوں کی نسبت کم رہی جبکہ گیس پریشر کمی اور میرٹ آرڈر کی خلاف ورزیاں بھی ہوئیں۔
نیپرا حکام کے مطابق مجموعی طور پر میرٹ آرڈر کی خلاف ورزیوں سے 10 کروڑ 80 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، حکام نے بتایا کہ کے الیکٹرک کی درخواست میں 78 پیسے فی یونٹ کی ایڈجسٹمنٹ مزید شامل ہوگی۔ کے الیکٹرک کے اعدادوشمار کے برعکس 2روپے 59 پیسے منفی فیول ایڈجسٹمنٹ ہوگی جس پر چئیرمین نیپرا نے کہا کہ یہ تو کراچی والوں کیلئے اچھی خبر ہو گی اگر ایف سی اے کم ہے۔
ایک سوال کے جواب میں چئیر مین نیپرا کا کہنا تھا کہ دو مختلف سسٹمز کے ذریعے ایف سی اے پر فیصلہ کرنا پڑتا ہے، گزشتہ روز باقی ملک کیلئے بجلی مہنگی کرنے پر سماعت کی اور آج ویسی ہی درخواست پر بجلی سستی کرنے پر سماعت کی ہے جس کے بعد دسمبر کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا، اتھارٹی اعدادوشمار کا جائزہ لے کر فیصلہ جاری کرے گی۔