لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں پارٹی متحد ہوکر بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے ، کامیاب ہوں گے ۔ عوام کو آنیوالے دنوں میں مزید ریلیف دیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کی گورنر ہاؤس میں پارٹی اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کیں، ملاقاتیں گور نر پنجاب چودھری محمدسرور، وزیر اعلی عثمان بزدار اور وزراء نے بھی شرکت کی۔
اس دوران تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود، فواد چودھری، غلام سرور خان نے بھی شرکت کی، گورنر ہاؤس میں ملاقاتوں کے دوران پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی بھر پور تیاریاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی وزرا ء، اراکین اسمبلی کو بھی کارکنوں سے رابطوں کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پٹر ولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں کمی سمیت دیگر حکومتی ریلیف کی عوام میں بھر پور تشہیر کی جائے گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کے مخلص اور محنتی کارکنوں کو ٹکٹیں دی جائیں۔ پارٹی متحد ہوکر بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے ، کامیاب ہوں گے۔
دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان سے گور نر پنجاب نے ملاقات کی، اس دوران سیاسی، حکومتی امور، یونیورسٹیز ریفارمز، آب پاک، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے بارے میں گفتگو کی۔
چودھری سرور نے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع بارے یورپی نمائندوں سے ملاقات کے بارے میں بھی بتایا۔ وزیر اعظم عمران خان نے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کیلئے گور نرپنجاب کی کوشش کو بھی سراہا۔
گور نر نے پٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں کمی اور انڈسٹریل پیکج پر پر وزیر اعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر جمعہ کو گور نر ہاؤس میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل خو د سنتا ہوں اور انکو حل کیا جاتاہے۔
اسی دوران وزیر اعظم نے پنجاب آب پاک اتھارٹی کی کار کردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مزید منصوبوں پر کام کی ہدایت کردی۔
انہوں نے کہا کہ ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی حکومت کا اولین مشن ہے، عوام کو آنیوالے دنوں میں مزید ریلیف دیں گے۔ عوام کی ترقی اور فلاحی وبہبود کیلئے جو کام آج ہورہا ہے ماضی میں اسکی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔