جھنگ: (ویب ڈیسک) جھنگ میں انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں آٹا سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ جھنگ نے صابر فلور ملز سے آٹا سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے گاڑی میں لوڈ 20 کلو گرام کے 992 تھیلے قبضہ میں لے لئے، انتظامیہ نے ملز سیل کر دی جبکہ مالک اور ڈرائیور کو موقع پر گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
واقع سے متعلق ڈی سی جھنگ نے کہا کہ آٹے کی خردبرد کسی صورت قابل قبول نہیں، غیر قانونی اقدام کرنے والے ملز مالکان کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب فلور ملز ایسوسی ایشن نے انتظامیہ کی کارروائی کے بعد غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کا اعلان کر دیا، فلور ملز ایسوسی ایشن نے سرکاری و پرائیویٹ آٹا و گندم سپلائی بھی بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
صدر فلور ملز ایسوسی ایشن جھنگ زاہد خان بلوچ کا کہنا ہے کہ آج میٹنگ کے بعد لائحہ عمل دیں گے، ہڑتال کا اعلان ایک فلور ملز پر چھاپہ اور اس کو سیل کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔