واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے امکان ظاہر کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق اگلے ہفتے پیر کے روز تک متوقع ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر بائیڈن نے یہ بات صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں کہی۔ انھوں نے مزید کہا کہ اب تک مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچے لیکن ہم کامیابی کے قریب ضرور پہنچ گئے ہیں۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ مذاکرات میں پیشرفت ہورہی ہے اور آئندہ پیر تک ہم غزہ میں جنگ بندی دیکھ رہے ہیں۔
ایک اہم اسرائیلی اہلکار نے بھی نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر مقامی میڈیا کو بتایا تھا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان مذاکرات مثبت سمت میں جاری ہیں۔
ایک اور اسرائیلی نیوز چینل نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ ممکنہ معاہدے میں اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے کئی سو فلسطینی قیدیوں کی اسرائیلی جیل سے رہائی ممکن ہے۔