شگر: گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے جبکہ ضلع شگر میں انتخابی سامان کی ترسیل اور پولنگ عملے کی روانگی کا عمل جاری ہے۔
انتخابی حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں پولنگ اسٹیشنز کے لیے ضروری سامان پہنچایا جا رہا ہے اور عملے کی تعیناتی آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، ریٹرننگ آفیسر آفس میں بھی انتخابی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں اور تمام انتظامات کو بروقت مکمل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
شگر میں مجموعی طور پر 71 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر 17 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 26 کو حساس قرار دیا ہے۔
حکام کے مطابق حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ووٹنگ کا عمل پرامن، شفاف اور محفوظ ماحول میں مکمل ہو سکے۔
