کرسٹیانو رونالڈو کا ریٹائرمنٹ کا بڑا اشارہ، موجودہ سیزن آخری ہونے کا امکان
پرتگال کے سپر اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے ریٹائرمنٹ کے منصوبوں کے حوالے سے اب تک کا واضح ترین اشارہ دے دیا ہے۔ 41 سالہ رونالڈو نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ممکنہ طور پر یہ فٹبال میں ان کا آخری سال ہے اور وہ اپنے کیریئر کا اختتام ایک شاندار ورثے کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں۔
رونالڈو نے واضح طور پر ریٹائرمنٹ کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم ان کے تازہ بیان سے عندیہ ملتا ہے کہ 2026-27 سیزن ان کے شاندار 25 سالہ پروفیشنل فٹبال کیریئر کا آخری سیزن ہو سکتا ہے۔
پرتگالی اسٹار نے کہا کہ وہ فٹبال کے بعد کی زندگی کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے، سفر کرنے اور پیڈل کھیلنے سمیت دیگر سرگرمیوں میں مصروف رہنے کا ذکر کیا۔
رونالڈو نے 2002 میں اسپورٹنگ سے اپنے سینئر کیریئر کا آغاز کیا، جس کے بعد وہ مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ، یووینٹس اور النصر جیسے بڑے کلبوں کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے کھلاڑی ہیں اور پرتگال کے ساتھ بھی متعدد بڑے اعزازات حاصل کر چکے ہیں۔
رونالڈو اس وقت سعودی کلب النصر سے وابستہ ہیں اور ان کا معاہدہ 2027 تک ہے، اس لیے ان کا تازہ بیان ریٹائرمنٹ کے حوالے سے ایک واضح اشارہ تو ہے، لیکن اسے ابھی حتمی ریٹائرمنٹ اعلان نہیں کہا جا سکتا۔

