پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 12 خوارج جبکہ فتنۃ الہندوستان سے وابستہ 37 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ آپریشنز کے دوران بڑی تعداد میں ہتھیار، دھماکا خیز مواد اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات بھی برآمد کرکے تلف کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ سیکیورٹی فورسز ملکی امن و استحکام اور سرحدوں کے دفاع کے عزم پر ثابت قدم ہیں۔

