لاہور میں وادی سندھ کی قدیم تہذیب، تاریخی ورثے، دریائی تجارت، زبان، فنون اور سماجی روایات پر حقیق کے فروغ کے لیے 15ویں سالانہ عالمی تھاپ کانفرنس لاہور میں شروع ہوگئی۔
دو روزہ کانفرنس میں پاکستان بھر سے ممتاز ماہرین تعلیم، محققین اور نوجوان اسکالرز شرکت کر رہے ہیں۔ کانفرنس کا موضوع ’’وادی سندھ میں ثقافت اور زندگی: ہڑپہ تہذیب (7000 قبل مسیح) سے یورپی نوآبادیاتی دور (1600 عیسوی) تک‘‘ رکھا گیا ہے۔
کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تھاپ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر ساجدہ حیدر وندل نے شرکا اور مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ تھاپ ثقافتی ورثے کے تحفظ، مقامی روایات کے فروغ اور تاریخی و ثقافتی موضوعات پر تحقیق کے لیے اپنا کردار جاری رکھے ہوئے ہے۔
کانفرنس کے کنوینر پرویز وندل نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ کا خطہ ایک مربوط تہذیبی اور ثقافتی نظام کی نمائندگی کرتا ہے، جس کی تشکیل میں دریا، مقامی آبادیاں، معیشت اور روایات نے اہم کردار ادا کیا۔

