شدید بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر انتظامیہ نے اسپل ویز کھول دیے۔ حکام کے مطابق پانی کی سطح 1,751.90 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ڈیم کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 1,752 فٹ ہے۔
حکام نے بتایا کہ ڈیم میں پانی کی آمد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس کے باعث اضافی پانی کے اخراج کے لیے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شہریوں کو خصوصاً کورنگ نالہ اور دیگر ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے، جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر 29 فٹ تک پہنچ گئی۔ انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں انخلا شروع کردیا ہے۔
حکام نے ریسکیو، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا ہے، جبکہ شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور پانی کے تیز بہاؤ والے مقامات سے دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔

