اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)پاکستان تحریک انصاف کے 27ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے اعلان کے بعد وفاقی دارالحکومت، راولپنڈی اور اٹک میں سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 22ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جن کی نگرانی 8ڈی آئی جیز، 10ایس ایس پیز، 40ایس پیز اور 58ڈی ایس پیز کریں گے۔ اٹک میں بھی 30 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں، جبکہ راولپنڈی پولیس نے اضافی نفری کے لیے 9 ہزار اہلکار طلب کیے ہیں۔اٹک کو سکیورٹی پلان میں خصوصی اہمیت دی گئی ہے کیونکہ یہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے درمیان اہم رابطہ ضلع ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع سے اضافی پولیس، پنجاب کانسٹیبلری اور رائٹ مینجمنٹ پولیس کے اہلکار اٹک پہنچ رہے ہیں۔ چچ انٹرچینج، ہارون پل اور غازی بروتھا پل سمیت اہم راستوں پر بھی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جا چکا ہے۔اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف داخلی راستوں پر کنٹینرز منتقل کیے جا رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ممکنہ احتجاجی سرگرمیوں کے پیش نظر جڑواں شہروں کے 30 داخلی راستے بند کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جن میں 11 راستے راولپنڈی کے شامل ہیں۔ وفاقی دارالحکومت کے اہم مقامات اور ریڈ زون کے اطراف بھی رکاوٹیں کھڑی کرنے اور سکیورٹی بڑھانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔حکام نے بیرونِ ضلع سے آنے والے پولیس اہلکاروں کے قیام کے لیے بھی انتظامات کیے ہیں، جبکہ اضافی نفری کو سرکاری عمارتوں، تعلیمی اداروں، اسپورٹس کمپلیکس اور دیگر مقامات پر ٹھہرانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ راولپنڈی میں پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں یکم اکتوبر تک منسوخ کر دی گئی ہیں۔دوسری جانب حکومت نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد میں عوامی آمدورفت، کاروبار اور معمولات زندگی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں لانگ مارچ کے معاملے پر شہر کے سرکاری تعلیمی ادارے 22 ستمبر سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے 24 سرکاری تعلیمی ادارے 22 ستمبر سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت میں اضافی پولیس نفری کے لیے رہائش کاانتظام سرکاری اسکولوں میں کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بند اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں فی الحال معطل رہیں گی، آن لائن تعلیم یا متبادل ذرائع سے متعلق وفاقی نظامت تعلیم کی کوئی پالیسی نہیں بنائی گئی۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے جس کے باعث دارالحکومت کی مختلف شاہراہوں پر کنٹینر رکھ دیے گئے ہیں۔
سکیورٹی اہلکار
