پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد کی جانب 27 ستمبر کو ہونے والا لانگ مارچ مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اب لانگ مارچ 4 اکتوبر کو کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد کیا گیا۔
پی ٹی آئی نے گزشتہ ماہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کیا تھا، جس کا بنیادی مطالبہ پارٹی کے بانی عمران خان کی رہائی ہے۔ خیبرپختونخوا سے مرکزی قافلے کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں سے بھی کارکنوں اور قافلوں کے اسلام آباد پہنچنے کا منصوبہ تھا۔
رپورٹس کے مطابق پارٹی قیادت کی اکثریت 27 ستمبر کو ہی مارچ کرنے کے حق میں تھی، تاہم سیاسی کمیٹی نے موجودہ سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مارچ مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سے قبل پی ٹی آئی قیادت کے اجلاس میں 5 سے 10 اکتوبر کے درمیان نئی تاریخ مقرر کرنے کی تجاویز بھی زیرِ غور آئی تھیں۔

