امریکی پابندیوں کے بعد متحدہ عرب امارات نے ایرانی ایئرلائنز کی یو اے ای کے لیے تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پروازوں کی معطلی 24 ستمبر سے تاحکمِ ثانی نافذ رہے گی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یو اے ای کے لیے ایرانی ایئرلائنز کی تمام پروازیں نصف شب سے منسوخ کر دی گئی تھیں۔ تہران سے دبئی جانے والی ایران ایئر ٹور کی ایک پرواز بھی روانگی سے کچھ دیر قبل منسوخ ہوئی، حالانکہ مسافروں کو ٹکٹ جاری کیے جا چکے تھے۔
رائٹرز کے مطابق یہ پیش رفت امریکا کی جانب سے ایرانی ایئرلائنز کے ساتھ کاروباری تعاون ختم کرنے کے لیے عالمی کمپنیوں کو دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد سامنے آئی۔ امریکی پابندیوں کا مقصد ایرانی ایئرلائنز کو فراہم کی جانے والی مختلف خدمات اور بین الاقوامی آپریشنز کو محدود کرنا ہے۔

